وزیر اعظم کی چمن بارڈر پر فائرنگ کی مذمت
وزیر اعظم شہباز شریف نے آج پیر کو چمن بارڈر پر افغان طالبان کی جانب سے "بلا اشتعال” گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں چھ پاکستانی جاں بحق ہوئے ہیں۔
اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی سخت ترین مذمت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس بدقسمت واقعے کے نتیجے میں متعدد پاکستانی جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے۔
افغان عبوری حکومت
وزیر اعظم نے افغان عبوری حکومت سے دوبارہ ایسے واقعات نا ہونے کی یقین دہانی کرانے کو کہا
وزیر اعظم نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
افغان فورسز کی چمن سرحد پر فائرنگ
یاد رہے کہ ایک روز قبل افغان فورسز نے چمن سرحد کے پار سے پاکستانی علاقے میں راکٹ فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں کلی شیخ لال محمد میں راکٹ گرنے سے چھ شہری جاں بحق اور دو درجن سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستان اس سال 32 بلین ڈالر قرض حاصل کرے گا
یہ بھی پڑھیں | زرمبادلہ کے ذخائر چار سال کی کم ترین سطح پر آگئے
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی افواج نے کسی بھی شہری کی ہلاکت سے بچنے کے لیے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
فوج کے میڈیا ونگ
فوج کے میڈیا ونگ نے مزید کہا کہ پاکستان نے صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کرنے کے لیے کابل میں افغان حکام سے رابطہ کیا تھا اور مستقبل میں اس طرح کے کسی بھی واقعے کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
کلی شیخ لال محمد کے رہائشیوں نے بتایا کہ راکٹ فائر اچانک شروع ہوئے اور راکٹ ان کے گھروں کے قریب گرے۔
ابتدائی طور پر جاں بحق اور زخمی افراد کو چمن سول اسپتال لے جایا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی حملے کی مذمت
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر قدوس بزنجو نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو زخمیوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ادھر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے راکٹ فائر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے سے متعلق تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمیوں پر دکھ کا اظہار کیا اور بلوچستان حکومت سے متاثرہ شہریوں کی بھرپور مدد کرنے کا کہا۔