وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے خلاف دائر گداری کے مقدمے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ نواز شریف کے خلاف ایسا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ہوسکتا ہے کہ کوئی انھیں کسی معاملے میں ملوث کرنا چاہتا ہو۔ فواد چوہدری نے ایف آئی آر کی کاپی ٹویٹر پر شئیر کرنے والے صحافی حامد میر کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایسی کسی بھی ایف آئی آر سے بے خبر تھے جب میں نے انہیں اس کے بارے میں بتایا تو انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ غداری کے مقدمات درج کرنا ہماری [پی ٹی آئی حکومت] کی پالیسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ حربے تھے جو نواز شریف کے دور میں استعمال کیے گئے تھے۔ وزیر سائنس نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور ابھی اصل کھیل باقی ہے۔ کھیل تو ابھی شروع ہوا ہے۔
یاد رہے کہ نواز کے خلاف لندن میں پاکستان کے اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کی مجرمانہ سازش پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
زرائع کے مطابق یکم اکتوبر کو نواز شریف کے خلاف درج ایف آئی آر ایک شہری نے شاہدرہ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں درج کی تھی۔ نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمہ غداری کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نے اپنی تقاریر میں ہندوستان کی پالیسیوں کی حمایت کی ، اور دعوی کیا کہ نواز یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو آئندہ اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔