نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف (آج) بدھ کو کراچی کا پہلا دورہ کر رہے ہیں جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا ہے۔
اس موقع پر منظور وسان، ناصر حسین شاہ، میر شبیر بجارانی، مکیش کمار چاولہ، گیان چند اسرانی، ضیا شاہ، فیاض علی بٹ، اویس قادر شاہ، شہلا رضا، اسماعیل راہو، جام خان شورو، مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کی خصوصی پرواز پی اے ایف فیصل ایئر بیس پر لینڈ کر گئی۔ نجی نیوز کی خبر کے مطابق، وہاں سے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعظم شہباز شریف ایک گاڑی میں مزار قائد کے لیے روانہ ہوگئے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ہیلی پیڈ پر وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال چیف سیکریٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل پولیس نے کیا۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس میں مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات کریں گے۔
ایم کیو ایم پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دوپہر 2 بجے بہادر آباد میں پارٹی دفتر بھی جائیں گے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں | روسی افواج نے سینکڑوں خواتین اور بچوں کا ریپ کیا ہے، یوکرینی صدر
یاد رہے کہ شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیر اعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف نے عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار شاہ محمود قریشی کے مقابلے میں 174 ووٹ حاصل کیے ہیں جنہیں ان کی پارٹی کی جانب سے پولنگ کے عمل کے بائیکاٹ کے فیصلے کے بعد کوئی ووٹ نہیں ملے ہیں۔ یہ رائے شماری ایم این اے ایاز صادق کی صدارت میں ہوئی۔
نریندر مودی اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کا 23 واں وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی ہے۔
ٹویٹر پر شہباز شریف کو اپنے مبارکبادی پیغام میں مودی نے کہا ہے کہ میاں محمد شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ دریں اثنا، شہباز شریف کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں، ترک صدر اردگان نے نومنتخب وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ ان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر "انتہائی خوش” ہیں۔