صوبہ پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک کا افسوسناک حادثہ کوٹ ادو کے علاقے چوک سرور شہید محمد والا کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر وین سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم اس قدر شدید تھا کہ وین کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں 11 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 15 شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور تین بچے شامل ہیں، وین میں سوار افراد کا تعلق ملتان کی بستی لاڑ سے تھا اور وہ اپنے رشہ داروں کو ملنے بھکر جا رہے تھے۔ پولیس نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی۔
حادثے پر اظہار افسوس
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مظفرگڑھ میانوالی ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرنے کی دعا کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوٹ ادو میں ملتان میانوالی روڈ پر ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
دوسری جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی ٹریفک حادثے میں 11 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرنے کے ساتھ ساتھ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔