میٹا کمپنی نے واٹس ایپ میں ایک نئے فیچر “چیٹ میموری” کا اعلان کیا ہے جس کے تحت میٹا کا اے آئی چیٹ بوٹ صارف کی ذاتی ترجیحات اور دیگر معلومات یاد رکھ سکے گا۔ اس فیچر کا مقصد واٹس ایپ پر بات چیت کو مزید ذاتی نوعیت کا بنانا ہے تاکہ چیٹ بوٹ پچھلی بات چیت سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر مزید متعلقہ جوابات فراہم کرسکے۔ اس سے صارفین کو ایک ذاتی معاون کی طرح کا تجربہ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیٹ میموری فیچر صارفین کی غذائی ترجیحات، سالگرہ، پسندیدہ کتابیں، فلمیں، اور پوڈ کاسٹس جیسی معلومات کو یاد رکھنے کی صلاحیت رکھے گا۔ اس کے علاوہ، یہ معلومات صارفین کے چیٹ بوٹ پروفائل میں “میموری” سیکشن میں محفوظ کی جائیں گی جہاں سے صارف اپنی محفوظ شدہ معلومات کو دیکھ اور حذف کر سکیں گے۔ واٹس ایپ نے صارف کی رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں مکمل کنٹرول فراہم کیا ہے، تاکہ وہ اپنی مرضی سے معلومات کو اپ ڈیٹ یا حذف کر سکیں۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن 2.24.22.9 میں آزمائشی طور پر دستیاب ہے اور جلد ہی مستقبل کی اپ ڈیٹس میں عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔ میٹا کی توقع ہے کہ اس فیچر سے اے آئی چیٹ بوٹ ایک ذاتی نوعیت کے اسسٹنٹ کی طرح کارکردگی دکھا سکے گا۔