نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 73 رنز سے ہرادیا ہے۔
مارک چیپ مین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 132 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو 344/9 کے اسکور تک پہنچانے میں بھرپور مدد دی ۔ انہیں ڈیرل مچل کی طرف سے 76 رنز کی عمدہ سپورٹ ملی۔
پاکستانی نژاد محمد عباس جو کے نیوزی لینڈ کی جانب سے کھیل رہے تھے ۔ انہوں نے بھی زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 24 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ون ڈے تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
پاکستان نے ہدف کو حاصل کرنے کےلیے اچھا آغاز کیا۔ عبداللہ شفیق نے 30 اور عثمان خان نے 39 رنز بنائے اور دونوں نے مل کر ایک اچھی اوپننگ کی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے 76 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ رضوان کے آؤٹ ہونے پر سلمان آغا میدان میں آئے اور بابر کے ساتھ مل کر 58 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی ٹیم جیتنے کے قریب نظر آ رہی تھی کہ آخری 12 اوورز میں مزید 96 رنز چاہیے تھے۔ لیکن اچانک غیر متوقع طور پر آخری 7 وکٹیں صرف 22 رنز کے اندر گر گئیں اور پاکستان میچ سے باہر ہو گیا۔
عرفان نیازی بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوئے جبکہ باقی کھلاڑی دباؤ میں پرفارم نہ کر سکے۔ نیوزی لینڈ کے ناتھن اسمتھ نے 60 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا رخ پلٹ دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور شاندار آغاز کیا۔ نسیم شاہ نے ول ینگ کو جلدی آؤٹ کردیا ۔
عاکف جاوید نے نک کیلی اور ہنری نکولس کو پویلین بھیج دیا۔
لیکن بعد میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی کمزور بولنگ لائن کا بھرپور فائدہ اٹھایا خاص طور پر جب پارٹ ٹائم بالر سلمان آغا نے بولنگ شروع کی۔ نیوزی لینڈ نے آخری 15 اوورز میں 166 رنز بنا کر مجموعی اسکور 344/9 تک پہنچا دیا۔
پاکستان جو میچ میں کافی دیر تک آگے رہا آخر میں 73 رنز سے شکست کھا گیا۔ اس جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔