اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور ریاست اپنی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ حکومت قانونی طریقہ کار کے تحت بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے واپس لانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے، اور حکومت یو اے ای حکام سے ملک ریاض کی واپسی کے لیے رابطے میں ہے، جنہیں عدالتوں نے مفرور قرار دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں کے لیے زمین کے حصول کا طریقہ کار قانونی خامیوں کا شکار ہے اور اس میں شفافیت کا فقدان پایا جاتا ہے۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ملک ریاض کو نہ کوئی رعایت دی جائے گی اور نہ ہی کوئی مفاہمت کی جائے گی، بلکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کیے جائیں گے۔