یوم اقبال
پاکستان میں آج (9 نومبر) کو قومی شاعر علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں عام تعطیل
یوم اقبال کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی، ملکی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی حکومت نے آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر اقبال کا مختصر تعارف
ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو برطانوی ہندوستان کے صوبہ پنجاب (اب پاکستان میں) سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کا انتقال 21 اپریل 1938 کو لاہور، پنجاب، برطانوی ہندوستان میں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں | اعظم سواتی کیس: تحریک انصاف کا صادق سنجرانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
یہ بھی پڑھیں | اسلام آباد میں نیم فوجی دستے تعینات، پی ٹی آئی کی جانب سے سڑکیں بلاک
اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ علامہ اقبال نے 1930 میں الہ آباد میں اپنے تاریخی خطاب میں قیام پاکستان کا تصور پیش کیا تھا۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب
لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پنجاب رینجرز کی جانب سے پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
پاک بحریہ کے سٹیشن کمانڈر کموڈور ساجد حسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، انہوں نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
صدر علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کے پیغامات
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی شاعر کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ایسے پاکستان کے حصول کا عہد کریں جس کا خواب علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا جس میں امن، سیاسی رواداری اور بھائی چارے کا اظہار ہو۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا جہاں وہ اپنی مذہبی، سماجی اور ثقافتی اقدار کے مطابق اور اکثریت کے خوف و ہراس کے بغیر اپنی زندگی گزار سکیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں قوم پر زور دیا کہ وہ خود احتسابی کرے کہ کیا وہ اقبال کے پاکستان کی حفاظت کرنے میں کامیاب ہوئے جو لاکھوں لوگوں کی شاندار جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا۔