ملائیشیا کے وزیراعظم انور بن ابراہیم 2 اکتوبر سے 4 اکتوبر 2024 تک پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے۔ یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ہو رہا ہے اور ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہوگا جس میں وزراء، نائب وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم انور ابراہیم اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقاتیں ہوں گی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجارت، توانائی، زراعت، حلال انڈسٹری، سیاحت، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط پر بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، عالمی اور علاقائی معاملات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر مضبوط تعلقات قائم ہیں اور یہ دورہ ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ ملائیشیا کے وزیراعظم کا پانچ سال بعد پہلا دورہ ہوگا جو پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔