حکومت نے ملک بھر میں محرم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے فیصلہ آج اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران ڈرون کیمروں کا استعمال اسلامی کیلنڈر کے رواں ماہ کی پہلی سے دس تاریخ تک ممنوع رہے گا۔
تاہم انٹرنیٹ یا موبائل فون سروس کی معطلی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے لیے آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
متعلقہ انسپکٹرز جنرل پولیس اور ہوم سیکرٹریز نے اجلاس کو محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔