مسلمان ہر سال عید الضحی کے موقع پر قربانی کرتے ہیں۔ قربانی کے حوالے سے ہر شخص کی ذاتی پسند ہوتی ہے جسے وہ اختیار کرتا ہے جیسا کہ میرے گھر والے گائے یا بڑے گوشت والے کسی جانور کی بجائے بکرے کی قربانی پسند کرتے ہیں جس کی ایک وجہ شاید یہ بھی ہے کہ پاکستان میں بکرے کے گوشت کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔
لیکن اگر بات کی جائے اکثریت کی تو لوگ "گلابی بکرے” کی قربانی کو بہت زیادہ پسند کرتے اور ترجیح دیتے ہیں۔ لیکن آخر اس کی وجہ کیا ہے؟ آئیے آپ کو اس متعلق کچھ دلچسپ معلومات سے آگاہ کرتے ہیں۔
گلابی بکرے کو سندھ میں پٹیری بھی کہا جاتا ہے۔ اس کے کان نیچے کو جھکے ہوئے ہوتے ہیں جبکہ رنگت گلابی مائل ہوتی ہے جو اس کی خوبصورتی کو دوبالا کر دیتی ہے۔ تاہم گلابی بکرے کا رنگ واقعی فلابی ہو یہ ضروری نہیں۔ انہیں دیسی بکرا بھی کہا جاتا ہے۔ ان کا وزن زیادہ اور کان لمبے ہوتے ہیں۔ بکروں کی یہ قسم دیگر اقسام کی نسبت زیادہ دوست پسند ہوتی ہے جو جلد مانوس ہو جاتی ہے۔
قربانی کے لئے گلابی بکرے کو پسند کرنے کی بنیادی وجہ تو اس کی خوبصورتی ہے جو اسے دیگر اقسام کے بکروں سے ممتاز کرتی ہے۔ س کے علاوہ عام طور پر لوگ بکرے کا گوشت کھانا زیادہ پسند کرتے ہیں بنسبت دوسرے جانوروں کے۔ گلابی بکروں کی نسلوں میں راجن پوری، بٹیری، کاموری اور بیٹل بکرے شامل ہیں۔ بکروں کی یہ قسم بڑوں کے ساتھ بچوں سے بھی جلد مانوس ہو جاتی ہے۔
گلابی بکروں کی قیمت
اگر آپ درمیانی درجے کا گلابی بکرا خریدنا چاہتے ہیں تو اس عید الضحی میں یہ آپ کو کم از کم تیس ہزار کا مل سکتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ اس کی قیمت لاکھوں تک جا سکتی ہے۔ گلابی بکرے کی قیمت اصل میں اس کے وزن اور خوبصورتی ہر منحصر ہے جس کی مزید تفصیل آپ کو بکرا منڈی سے مل سکتی ہے۔
گلابی بکرے کہاں سے خریدے جا سکتے ہیں؟
ویسے تو گلابی یا پٹیری بکرے پاکستان بھر کی منڈیوں سے مل جاتے ہیں لیکن ان کا اصل مقام سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ہے جہاں یہ نسل موجود ہوتی ہے اور پھر پورے پاکستان میں فروخت کئے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ راجن پور کے علاقے میں بھی پائے جاتے ہیں جنہیں اس جی ذیلی قسم راجن پوری بکرے بھی کہا جاتا ہے۔