لاہور میں لاری اڈہ بس اسٹینڈ کے قریب چائے کے ہوٹل میں گیس سلنڈر دھماکے سے 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ مقامی چائے کے ہوٹل میں پیش آیا جبکہ سلنڈر پھٹنے سے 13 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ معمولی زخمی ہونے والے سات افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی جب کہ چھ افراد کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل مٹیاری ضلع کے نیوسعیدآباد میں گیس سلنڈر کے دھماکے میں کم از کم چار مزدور جاں بحق ہو گئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گیس سلنڈر دھماکا آئس فیکٹری میں اس وقت ہوا جب مزدور اپنے روزمرہ کے کام کر رہے تھے۔ جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں زخمی کارکن بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دریں اثناء پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔
اسی طرح گزشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے دو خواتین جان کی بازی ہار گئیں اور خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکا راڈو بیکری کے قریب رہائشی اپارٹمنٹ میں گیس لیکج کے باعث ہوا جس کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکے سے ملحقہ مزید تین فلیٹ بھی بری طرح متاثر ہوئے۔