فوج کا پرتشدد مظاہروں کے منصوبہ سازوں کو سزا دینے کا عزم
فوج نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کیس میں مختصر گرفتاری کے بعد ہونے والے 9 مئی کو بڑے پیمانے پر جلاؤ گھیراؤ کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کو سزا دینے کا عزم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو راولپنڈی میں اپنے اعلیٰ حکام کے اجلاس کے بعد فوج نے کہا کہ وہ فوجی تنصیبات اور یادگاروں پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی کوششیں کر رہے ہیں جو بالکل بے سود ہیں۔
فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں افراتفری پھیلانے کے اپنے مذموم عزائم کو حاصل کرنے کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت کو ہوا دینے والے اور سیاسی طور پر بغاوت کرنے والے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے گرد بھی قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں | عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ
یاد رہے کہ عمران خان کو 9 مئی کو اسلام آباد کی ایک عدالت کے احاطے میں گرفتار کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کے ہزاروں حامی کارکنان نے ملک بھر میں پرتشدد احتجاج کیا۔
اس احتجاج میں پولیس اور سرکاری عمارتوں کے ساتھ ساتھ فوجی اثاثوں اور تنصیبات پر حملے کیے گئے۔