پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعاون میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر رشین ہاؤس اسلام آباد نے اکیڈمک سیشن 2026–27 کے لیے روسی حکومت کے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پاکستانی طلبہ کو روس کی اعلیٰ جامعات میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر مکمل فنڈڈ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
روسی سفارتخانے کے ترجمان ایگور کولیسنیکوف کے مطابق، رشین ہاؤس، جسے رشین سینٹر فار سائنس اینڈ کلچر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے پاکستان میں اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت طلبہ کو نامزد کرنے کا واحد مجاز ادارہ ہے۔ منتخب امیدواروں کی تعیناتی کا عمل روسی وزارتِ سائنس و اعلیٰ تعلیم کے ذریعے کیا جائے گا۔
یہ اسکالرشپ پروگرام تعلیم کے مکمل دورانیے کو کور کرتا ہے اور طلبہ کو ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کرتا ہے۔ طلبہ سے داخلہ اور ٹیوشن فیس وصول نہیں کی جائے گی، تاہم انہیں سفر اور روزمرہ اخراجات خود برداشت کرنے ہوں گے۔
درخواستیں روسی فیڈریشن کے سرکاری ایجوکیشن پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں جب کہ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدواروں کو اپنی پسندیدہ تعلیم کی سطح اور مضمون منتخب کرکے متعلقہ تعلیمی دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
انتخاب کا عمل میرٹ پر مبنی ہوگا جس میں امیدواروں کی تعلیمی کارکردگی، اہلیت اور پورٹ فولیو کا جائزہ لیا جائے گا۔ شارٹ لسٹ کیے گئے طلبہ کو بعد میں طبی اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کے ساتھ اپنی دستاویزات کے روسین ترجمے جمع کرانے ہوں گے۔
مزید معلومات کے لیے طلبہ رشین ہاؤس سے ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ اقدام پاکستانی طلبہ کے لیے روس کی اعلیٰ تعلیم اور عالمی تجربے سے فائدہ اٹھانے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے، جو اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔






