خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی ساتھی فرح خان نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی حکومتی معاملات میں مداخلت نہیں کی ہے۔
ٹوئٹر پر فرح خان نے کہا کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کبھی حکومتی معاملات میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں ان کی بیٹیاں اور بہنیں بھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے شوہر پہلے ہی اپنے کاروبار کے حوالے سے وضاحت دے چکے ہیں۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ جن لوگوں کا مجھ سے تعلق ہے انہوں نے بھی میرے خلاف الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | سیاسی بحران؛ ڈالر کی اونچی اڑان، 189 تک پہنچ گیا
فرح کا مزید کہنا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات کے بعد ان کا خاندان صدمے سے دوچار ہے۔ براہ کرم گپ شپ کی بنیاد پر مجھے اور میرے خاندان کو بدنام نہ کریں۔
فرح خان، جو خاتون اول بشریٰ بی بی کے قریبی سمجھی جاتی ہیں، کی جانب سے یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اور پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے الزام لگایا کہ وہ صوبہ پنجاب میں عہدیداروں کے تبادلوں میں اپنا کردار ادا کرتی تھیں۔