عید الفطر مسلمانوں کے لیے ایک خوشیوں بھرا تہوار ہے جو دنیا بھر میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر خاندان اور دوست احباب اکٹھے ہوتے ہیں نیک تمناؤں اور تحائف کا تبادلہ کرتے ہیں اور سب سے بڑھ کر مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اگر آپ اس عید الفطر پر روایتی کھانوں کو ترجیح دینا چاہتے ہیں یا کچھ جدید پکوان آزمانا چاہتے ہیں تو یہاں چند مزیدار ڈشز ہیں جو آپ کی دعوت کو یادگار بناسکتے ہیں۔
عید الفطر 2025 کے ناشتے کے خصوصی پکوان
عید کا آغاز روایتی اور لذیذ ناشتے کے بغیر ادھورا محسوس ہوتا ہے۔ نسل در نسل چلے آنے والے یہ پکوان ہر گھرانے کی روایت کا حصہ ہیں۔
شیر خورما
شیر خورما عید کی سب سے اہم اور روایتی میٹھی ڈش ہے۔ یہ سویاں، دودھ، چینی، کھجور اور بادام، پستہ، کاجو جیسے میؤوں کے ساتھ تیار کی جاتی ہے۔ عموماً یہ عید کی نماز کے بعد سب سے پہلے کھائی جاتی ہے اور گرم یا ٹھنڈا دونوں طرح سے پیش کی جا سکتی ہے۔
پوری اور چنا مصالحہ
خستہ پوریوں کے ساتھ چنے کا مزیدار سالن بھی کئی گھروں میں عید کے ناشتے کا لازمی جزو ہے۔ بعض لوگ اس کے ساتھ حلوہ بھی کھاتے ہیں، جسے حلوہ پوری کہا جاتا ہے۔
نہاری یا پایہ
اگر آپ گوشت کے شوقین ہیں تو نہاری یا پایہ ایک شاندار انتخاب ہے۔ یہ پکوان آہستہ آہستہ پکایا جاتا ہے تاکہ گوشت نرم اور مزیدار ہو جائے۔ نہاری یا پایہ نان یا کلچے کے ساتھ کھانے میں مزید لذت دیتا ہے۔
عید الفطر 2025 کےلیے خاص کھانے
عید کے دن کے کھانے میں مختلف لذیذ اور خوشبو دار پکوان دسترخوان کی رونق بڑھاتے ہیں۔ یہاں چند مشہور ڈشز دی گئی ہیں جنہیں آپ اپنے مہمانوں کے لیے بنا سکتے ہیں۔
بریانی
بریانی ایک ایسی ڈش ہے جو کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ مختلف علاقوں میں اس کی مختلف اقسام مشہور ہیں، جیسے حیدرآبادی بریانی، لکھنوی بریانی، اور سندھی بریانی ۔ رائتہ، تازہ سلاد اور تلی ہوئی پیاز کے ساتھ پیش کی گئی بریانی کا ہر نوالہ لاجواب ذائقہ دیتا ہے۔
قورمہ
عید کے خاص کھانوں میں مغلئ قورمہ ہمیشہ شامل ہوتا ہے۔ یہ ایک شاہی ڈش ہے جو دہی، پیاز، اور الائچی، دار چینی، لونگ جیسے خوشبودار مصالحوں کے ساتھ گوشت کو پکانے سے تیار کی جاتی ہے۔ قورمہ نرم نان، روٹی یا باسمتی چاول کے ساتھ کھانے میں بے حد لذیذ لگتا ہے۔
چپلی کباب
چپلی کباب، جو پشاوری کباب کے نام سے بھی مشہور ہیں پاکستان کے شہر پشاور کی مشہور روایتی ڈش ہے۔ یہ کباب قیمے، مصالحوں، ٹماٹر، پیاز، ہری دھنیے، انار دانے اور خشک دھنیا کے ساتھ تیار کیے جاتے ہیں جو ان کے ذائقے کو منفرد بنا دیتے ہیں۔
بیف یا چکن حلیم
حلیم ایک روایتی ڈش ہے جو کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد تیار ہوتی ہے۔
یہ گوشت (بیف یا چکن)، گیہوں، دالوں اور خوشبودار مصالحوں کے امتزاج سے بنتی ہے۔
حلیم کو فرائی کی ہوئی پیاز، تازہ دھنیا، لیموں اور ادرک کے ساتھ نان یا پراٹھے کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔
عید الفطر 2025 کے لیے مزیدارسائیڈ ڈشز اور میٹھے پکوان
سموسے اور اسپرنگ رول
سموسے اور اسپرنگ رول چائے کے ساتھ پیش کیے جانے والے بہترین سنیکس ہیں۔ ان میں چکن، آلو، سبزیاں یا دال بھری جا سکتی ہیں۔ یہ پودینے کی چٹنی، میٹھی چلی سوس یا گارلک مایونیز کے ساتھ کھانے میں مزید مزے دار لگتے ہیں۔
دہی بڑے
دہی بڑے ہلکی پھلکی اور مزیدار ڈش ہیں جو مونگ دال یا ماش کی دال سے تیار کیے جاتے ہیں۔
یہ بگھارے ہوئے دہی، چٹنیوں، چاٹ مصالحہ اور تازہ دھنیا کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔
چاٹ اور سلاد
عید کے موقع پر مختلف چاٹیں جیسے چنا چاٹ، آلو چاٹ، پاپڑی چاٹ، بھیل پوری، اور فروٹ چاٹ بھی کھانے کی رونق بڑھاتی ہیں۔
اسی طرح دہی سلاد اور رشین سلاد بھی ایک تازہ کرنے والی ڈشز ہیں۔
رس ملائی
رس ملائی عید کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے میٹھے پکوانوں میں شامل ہے۔
یہ نرم پنیر ، میٹھے دودھ میں بھگو کر اور میؤوں سے گارنش کر کے تیار کی جاتی ہے۔
فالودہ
فالودہ ایک زبردست ٹھنڈی میٹھی ڈش ہے جو خاص طور پر عید پر گرمی کے موسم میں بہت پسند کی جاتی ہے۔
یہ دودھ،گلاب کے شربت، سویاں، تخم ملنگا اور آئس کریم کے ساتھ بنایا جاتا ہے۔
عید ہمیں یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ ہم اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیوں بھرے لمحات گزاریں اور مل کر مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہوں۔
عید مبارک! آپ کو خوشیوں بھری اور مزیدار عید کی مبارکباد