رَمَضانُ الْمُبَارَک رَحمت ومغفرت اور جہنَّم سے آزادی کا مہینا ہے ،لہٰذا اِس رحمتوں اور برکتوں بھرے مہینے کے فوراً بعد ہمیں عید سعید کی خوشی منانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور عید الفطرکے روز خوشی کا اِظہار مستحب ہے. عید الفطر کے روز سر انجام دیے جانے والے کچھ سنت امور درج ذیل ہیں۔
عید الفطر کی 5 سنتیں اوراعمال
صدقۂ فطر
عید الفطر کے دن صدقہ فطر ادا کرنا ہر صاحب نصاب مسلمان پر واجب ہے۔
حضرت سَیِّدُنا اَنس بن مالِک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ روایت کرتے ہیں کہ حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وسلَّم فرماتے ہیں : جب تک صَدَقَۂِ فِطْر ادا نہیں کیا جاتا، بندے کا روزہ زَمین و آسمان کے درمیان مُعلَّق (یعنی لٹکا ہوا ) رہتاہے۔
افضل یہ ہے کہ صدقہ فطر کو عید الفطر کے دن صبح صادق کے بعد عید کی نماز ادا کرنے سے پہلے ادا کردیا جائے۔
کھجور کھانا
بخاری کی رِوایت میں حضرتِ سَیِّدُنا اَنس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ عیدالفطر کے ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نمازِ عید کےلیے تشریف نہ لے جاتے جب تک چند کھَجوریں نہ تناول فرمالیتے اور وہ طاق ہوتیں ۔
اس لیے عید الفطر کے دن نمازِ عید سے پہلے کھانا سنت ہے۔
راستہ تبدیل کرنا
حضرتِ سَیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے رِوایت ہے کہ نبیِّ رَحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وسلَّم عید کو (نمازِ عید کیلئے )ایک راستے سے تشریف لے جاتے اور دُوسرے راستے سے واپس تشریف لاتے۔
اس لیے عید کے دن ایک نماز عید کےلیے اطمینان و وقار سے ایک رستے سے جانا اور دوسرے سے واپس آنا سنت ہے۔
اچھے کپڑے پہننا
عید کے دن اچھے اور عمدہ کپڑے پہننا مستحب ہے،نئے ہوں تونئے ورنہ دھلے ہوئے۔لہذا عید کے دن نئے کپڑے پہننے کی استطاعت ہے تو ثواب کے لئے نئے کپڑے پہنے جائیں وگرنہ گھر میں جو عمدہ کپڑے دھلے ہوئے ہوں ،وہی پہن لئے جائیں۔
غسل کرنا
حضرت عبد الله بن عباس رضی الله عنھما فرماتے ہیں کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم عیدین کے دن غسل فرماتے تھے۔
لحاظہ عید کے دن اہتمام کے ساتھ غسل کیا جائے کہ اس سے پاکیزگی حاصل ہوتی۔
مزید پڑھیں: عید الفطر 2025 کے خصوصی پکوان