عمران خان قومی اسمبلی کی 6 نشستوں سے ڈی نوٹیفائی
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جمعہ کو سابق وزیر اعظم عمران کو قومی اسمبلی کی چھ نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔ یہ وہ نشستیں ہیں جو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے گزشتہ سال ضمنی انتخابات کے دوران جیتی تھیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، عمران خان کو درج ذیل نشستوں سے ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے۔
این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ-2، این اے 31 پشاور-7، این اے108، فیصل آباد- 8، این اے-118 ننکانہ صاحب-2، این اے-کورنگی کراچی-1۔
انتخابی نگراں ادارے نے عمران خان کی جانب سے ضمنی انتخابات کے دوران ہونے والے اخراجات کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکامی کا نوٹس لیا تھا اور بعد ازاں کمیشن کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر ان کی جیت کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے 32 ایم این ایز کی ڈی نوٹیفکیشن معطل
آج ایک الگ نوٹیفکیشن میں، ای سی پی نے پنجاب سے پی ٹی آئی کے 32 ایم این ایز کے ڈی نوٹیفکیشن کو بھی معطل کردیا ہے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ کمیشن نے 17 جنوری، 20، 27، اور 3 فروری کو اپنے نوٹیفکیشنز کو لاہور ہائی کورٹ کے اگلے حکم تک پنجاب صوبے میں آنے والی درج ذیل حلقوں اور مخصوص نشستوں کی حد تک معطل کر دیا ہے۔
.یہ بھی پڑھیں | فوج مخالف ٹویٹ پر ایک شخص کو جیل بھیج دیا گیا
.یہ بھی پڑھیں | پیٹرول کی قیمت میں 22 روپے کا اضافہ کر دیا گیا
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب سے 27 ایم این ایز کی ڈی نوٹیفکیشن معطل کر دی گئی ہے اور پنجاب سے پانچ خواتین ممبران اسمبلی کی ڈی نوٹیفکیشن بھی معطل ہے۔
ان میں عالیہ حمزہ ملک، کنول شوزب، عندلیب عباس، عاصمہ حدید اور بیرسٹر ملیکہ علی بخاری شامل ہیں۔
ای سی پی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیشن لاہور ہائی کورٹ کے اگلے احکامات تک نشستوں کے انتخابات کے انعقاد میں بھی تاخیر کرے گا۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب سے پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کے ای سی پی کے ڈی نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی برطرفی کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے اجتماعی استعفیٰ دے دیا تھا۔