عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 600 رہنماؤں کا نام ’نو فلائی لسٹ‘ میں شامل
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 600 سے زائد رہنما اور سابق اراکین اسمبلی بشمول چیئرمین عمران خان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے) کے ذرائع کے مطابق 9 مئی کے تشدد اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی میں ملوث ہونے پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور پارٹی سربراہ کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ان ناموں کو ایف آئی اے کی عبوری قومی شناختی فہرست (پی این آئی ایل) میں شامل کیا گیا ہے تاکہ انہیں بیرون ملک جانے سے روکا جا سکے۔
نو فلائی لسٹ میں کس کس کا نام شامل ہے؟
علاوہ ازیں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نام بھی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
ان کے علاوہ اس فہرست میں مراد سعید، ملیکہ بخاری، فواد چوہدری، حماد اظہر، قاسم سوری، اسد قیصر، یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | عام انتخابات جلد ہو سکتے ہیں، فریال تالپور
ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں اور عہدیداروں نے گزشتہ تین دنوں میں ملک چھوڑنے کی کوشش کی تاہم انہیں ایئرپورٹس پر روک دیا گیا۔
یاد رہے کہ 9 مئ فسادات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی پر کریک ڈاؤن کے دوران ہزاروں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
شیریں مزاری، اسد عمر، فواد چوہدری، عامر محمود کیانی، ملک امین اسلم، محمود مولوی، آفتاب صدیقی، فیاض الحسن چوہان سمیت کئی پارٹی رہنماؤں اور قانون سازوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا ہے۔