عطاء اللہ تارڑ نے عمران خان کی میڈیکل رپورٹ کو جعلی قرار دے دیا
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطا اللہ تارڑ نے ٹانگ میں انفیکشن کی میڈیکل رپورٹ کو ‘فیک’ قرار دیتے ہوئے تمام عدالتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس رپورٹ کو مسترد کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اپنے ہی میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ‘شوکت خانم’ سے میڈیکل رپورٹس کیوں تیار کروا رہے ہیں اور وہ سرکاری ہسپتالوں یا دیگر معروف نجی میڈیکل لیبز سے مناسب طبی معائنہ کیوں نہیں کراتے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتوں سے ریلیف حاصل کرنے کے لیے عرصہ دراز سے طبی بنیادوں پر طرح طرح کے ہتھکنڈے کھیل رہے ہیں۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریاستی اداروں اور سرکاری افسران کے خلاف ایک منظم سوشل میڈیا مہم چلائی ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نیا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | کرم میں فائرنگ سے 8 اساتذہ جاں بحق
عمران خان نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ریلیف کے لیے دباؤ ڈالا ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ عوام عدالت عظمیٰ کے کچھ سینئر ججوں پر الزام لگا رہے ہیں کہ انہوں نے عدالتی معاملات میں عمران خان کی حمایت کی ہے۔
عمران خان نے اپنی مرضی اور مفاد کی خاطر قومی ادارے کو تقسیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالتوں سے ان کے سامنے پیش ہوئے بغیر ضمانتیں حاصل کر رہے ہیں جو کہ قانون اور آئین کے سراسر خلاف ہے۔