اسلام میں عشرہ مبشرہ ان دس جلیل القدر صحابہ کرام کو کہتے ہیں جنہیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا میں ہی جنت کی بشارت دی۔ یہ صحابہ کرام اپنی ایمان داری، بہادری اور اسلام کی خدمت میں پئش پیش رہے۔ آئیے ہم آپ کو عشرہ مبشرہ کے نام، مختصر تعارف اور ان کی خدمات سے متعلق بتاتے ہیں۔
1.حضرت ابوبکر صدیق (رضی اللہ عنہ)
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ اسلام کے پہلے خلیفہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریبی صحابی تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد وہ امت میں سب سے افضل ہیں۔ خلافت اور افضلیت کے اعتبار سے بھی ان کا پہلا نمبر ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق نے کئی جنگوں میں مسلمانوں کی مدد کی اور ہر موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ساتھ دیا۔ ایک روایت کے مطابق مردوں میں سب سے پہلے اسلام لانے والے بھی حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تھے۔
2. حضرت عمر بن خطاب (رضی اللہ عنہ)
حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ اسلام کے دوسرے خلیفہ ہیں۔ ان کی بہادری اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کافی مشہور تھی۔ ان کے دور میں اسلامی خلافت میں عدل و انصاف اور قوانین کی سختی سے پابندی ہوئی اور کئی نئے علاقے اسلامی سلطنت میں شامل ہوئے۔ وہ جلال والے صحابی تھے۔
3. حضرت عثمان بن عفان (رضی اللہ عنہ)
حضرت عثمان رضی اللہ عنہ اسلام کے تیسرے خلیفہ ہیں جنہوں نے قرآن مجید کو ایک کتابی شکل میں محفوظ کروایا اور خلافت کے دوران کئی مساجد کی تعمیر کی۔ وہ اپنی سخاوت اور دولت کو اللہ کے راستے میں خرچ کرنے میں مشہور تھے۔
4. حضرت علی بن ابی طالب (رضی اللہ عنہ)
حضرت مولا علی رضی اللہ عنہ اسلام کے چوتھے خلیفہ ہیں۔ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاندان سے ہیں۔ ان کی فقہ میں مہارت، بہادری اور حکمت مشہور ہے۔ ان کے متعلق ایک مشہور حدیث ہے کہ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس کا میں مولا اس کا علی مولا۔ اس سے ان کی شان واضح ہوتی ہے۔
5. حضرت طلحہ بن عبیداللہ (رضی اللہ عنہ)
حضرت طلحہ رضی اللہ عنہ اپنی سخاوت اور جنگوں میں بہادری کے لیے مشہور ہیں۔ انہیں جنگ اُحد میں نبی کریم کی حفاظت کرتے ہوئے زخمی ہونے پر “زندہ شہید” کا لقب دیا گیا۔
6. حضرت زبیر بن عوام (رضی اللہ عنہ)
حضرت زبیر رضی اللہ عنہ نبی کریم کے قریبی ساتھی اور ایک عظیم جنگجو تھے۔ وہ جنگوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے ثابت قدم رہے اور کئی معرکوں میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔
7. حضرت عبدالرحمن بن عوف (رضی اللہ عنہ)
حضرت عبدالرحمن رضی اللہ عنہ اپنی تجارتی مہارت اور سخاوت کے لیے مشہور تھے۔ انہوں نے اسلام کے لیے بڑی مالی معاونت کی اور نبی کریم کی خدمت میں پیش پیش رہے۔
8. حضرت سعد بن ابی وقاص (رضی اللہ عنہ)
حضرت سعد رضی اللہ عنہ کو اسلام کے دفاع کے لیے تیر چلانے والا پہلا شخص کہا جاتا ہے۔ وہ فارس کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے اور اپنی دعاؤں کی قبولیت کے لیے مشہور تھے۔
9. حضرت سعید بن زید (رضی اللہ عنہ)
حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ اپنی استقامت اور جنت کی بشارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہیں اسلامی تحریک میں ابتدائی شمولیت اور ان کی زندگی بھر وفاداری کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔
10. حضرت ابو عبیدہ بن جراح (رضی اللہ عنہ)
حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ کو ان کی دیانت داری اور جنگوں میں بہادری کے لیے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے اسلامی سلطنت کی فتوحات میں عظیم کردار ادا کیا اور شام کے علاقوں میں اسلامی نظام نافذ کیا۔