کراچی –
پی ٹی آئی کے ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اتوار کی رات دوسری بار اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ اس دفعہ کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
ٹوئٹر پر عامر لیاقت حسین نے تصدیق کی کہ انہوں نے بطور رکن قومی اسمبلی اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔
عامر لیاقت نے ٹویٹ کیا کہ بطور رکن قومی اسمبلی میں نے استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ اللہ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی مدد کرے۔ اللہ حافظ۔
یہ بھی پڑھیں | میرا مقصد فوج کے خلاف بات کرنا نہیں تھا، حامد میر نے رجوع کر لیا
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا ہو۔
پچھلے سال جولائی میں عامر لیاقت نے ٹویٹ کیا تھا کہ ان کا حلقے لوڈشیڈنگ کا شکار ہے اس لیے وہ قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔
میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں کراچی کا ایک بے بس ایم این اے ہوں۔ میں اپنے شہر کے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہوں۔ میں اپنے شہر کے لوگوں کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا۔
ایم کیو ایم کے سابق رکن نے کہا تھا کہ میں وزیراعظم سے وقت مانگوں گا اور اپنا استعفیٰ پیش کروں گا۔
تاہم ، وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد عامر لیاقت نے واضح کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ دینے سے انکار کے بعد وہ اپنا فیصلہ واپس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے طویل ملاقات کے بعد میرا چار صفحات پر مشتمل استعفیٰ مسترد کر دیا گیا۔ میں نے اپنا دل کھول کر وزیراعظم کو سب کچھ بتا دیا۔
وزیراعظم نے کراچی کے مسائل کے لیے میری آواز بلند کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عوام کے بارے میں سوچنا ہی ایک منتخب رہنما کا کام ہے۔