سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے اتوار کو خبردار کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پاکستان سری لنکا بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس دو آپشن ہیں کہ وہ گرفتاریاں کرے یا الیکشن کروائے اور یہ فیصلہ حکومت کو جلد کرنا ہو گا۔
یاد رہے کہ 22 ملین آبادی والا ملک سری لنکا اس وقت 1948 میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سے اپنی تاریخ کے بدترین معاشی اور سیاسی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
شیخ رشید نے پہلے فیصل آباد کے سرینا ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت بے سمت ہو چکی ہے اور حالات کو سنبھالنے سے قاصر ہے۔ حکومت نواز شریف کو اب واپس بلا لے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پی ٹی آئی نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک سیاسی بحران میں ڈوب جائے گا اور سری لنکا جیسی صورتحال دیکھنے کو ملے گی۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر طنز کرتے ہوئے، شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اپنی معزولی کے باوجود قوم کے ہیرو بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 11 پارٹیوں کی سیاست دم توڑ چکی ہے اور ووٹ کو عزت دینے کا وقت ختم ہو گیا ہے کیونکہ ووٹ 25 کروڑ روپے میں بکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں | جان کو خطرہ:حکومت نے عمران خان کو جوڈیشنل کمیشن بنانے کی پیشکش کر دی
سابق وزیر نے پی ٹی آئی سے علیحدگی پر ایم کیو ایم پی اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
بعد ازاں فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک جلد ڈیفالٹر ہونے والا ہے لہذا لیے ریاستی ادارے مداخلت کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، آپ قوم سے خطاب کریں اور اعلان کریں کہ آیا آپ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جائیں گے یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ایک ماہ میں 6 ارب ڈالر کی کمی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا چاہیے اور قومی حکومت بنانی چاہیے۔ ٹیکنو کریٹ وزیر اعظم کا تقرر کرنا چاہیے اور ستمبر تک انتخابات کرانا چاہیے۔