عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں نے پاکستان بھر میں ایک خوبصورت منظر پیش کیا ہے۔ مساجد، بازاروں، اور سڑکوں کو رنگ برنگے قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے اور شہر جگمگا رہے ہیں۔
اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور ملک کے دیگر علاقوں میں شہری جوش و خروش کے ساتھ اپنے گھروں، مساجد اور گلیوں کو سجا رہے ہیں۔ بازاروں میں مختلف قسم کی سجاوٹی اشیاء جیسے کہ جھنڈیاں، بتیوں اور بینرز کی خریداری زوروں پر ہے۔
پاکستان میں عید میلاد النبی منگل سترہ ستمبر کو منائی جائے گی جبکہ مختلف اسلامی تنظیمات کے زیر اہتمام جلوس میلاد کا اہتمام ہو گا۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر محافلِ نعت اور جلسے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں علماء کرام پیغمبرِ اسلام ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ مزید برآں، آج رات بڑے اجتماعات ہوں گے بالخصوص دعوت اسلامی کے تحت ملک کے تمام بڑے شہروں میں اجتماعات کا سلسلہ ہو گا۔
ماحول میں مذہبی جوش اور روحانی عقیدت کی فضا قائم ہے اور ہر کوئی اس مقدس دن کو بہترین طریقے سے منانے کے لیے تیار ہے۔