پاکستان –
پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے کہا ہے کہ میں نے ڈاکٹر نعمان نیاز کو قوم اور قومی اداروں کی عزت کے لیے معاف کر دیا یے۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے یہ بات جیو نیوز کے شو ’’جشن کرکٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹی وی میزبان نے ان سے براہ راست معافی نہیں مانگی تھی لیکن ان کی بالواسطہ معافی انہیں پہنچا دی گئی ہے۔
شعیب اختر نے کہا ہے کہ انہوں نے قوم اور قومی اداروں کی عزت کے لیے ڈاکٹر نعمان کو معاف کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پی ٹی وی سپورٹس سے استعفیٰ دیا تاکہ مستقبل میں کسی اور اسٹار کو ایسی توہین آمیز صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں | مفتی طارق مسعود جب جہلم انجینئیر محمد علی مرزا سے مناظرے کے لئے پہنچے تو کیا ہوا؟
ان کا موقف تھا کہ قومی ٹی وی پر قومی اسٹار کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک لائیو ٹی وی پروگرام کے دوران اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کی جانب سے بدتمیزی کے بعد پی ٹی وی اسپورٹس شو سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
شعیب اختر کی ایک لائیو شو میں توہین کی گئی جس میں نہ صرف پاکستانی کرکٹ لیجنڈز بشمول عاقب جاوید، راشد لطیف، عمر گل، اظہر محمود شریک تھے بلکہ سابق ویسٹ انڈین اسٹار بلے باز ویوین رچرڈز اور سابق انگلش کپتان ڈیوڈ گوور بھی شریک تھے۔
سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت کا سہرا فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور لاہور قلندرز کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کو دیا تھا۔
ٹی وی میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کو لائیو شو کے دوران لاہور قلندرز یا شاید حارث رؤف کی تعریف پسند نہیں آئی اور اسٹار فاسٹ باؤلر کو شو چھوڑنے کو کہا جس پر شعیب اختر نے پی ٹی وی کے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے شو چھوڑ دیا۔