2025 کی گرینڈ نیشنل ریس کے دوران حصہ لینے والا 13 سالہ گھوڑا سیلیبر ڈی ایلن ریس کے آخری مرحلے میں گرنے کے بعد جانبر نہ ہو سکا اور دو دن بعد انتقال کر گیا۔
ریس کے بعد گھوڑے کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی طور پر بہتری دیکھنے میں آئی مگر پیر کی رات اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ منگل کو جان کی بازی ہار بیٹھا۔
جوکی مائیکل نولن کو گھوڑے کے واضح طور پر تھکے ہونے کے باوجود ریس جاری رکھنے پر 10 دن کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم برٹش ہارس ریسنگ اتھارٹی نے کہا کہ گھوڑے کی موت کا مکمل الزام جوکی پر نہیں ڈالا جا سکتا۔
سیلیبر ڈی ایلن کا ریس سے پہلے طبی معائنہ کیا گیا تھا اور اسے مکمل طور پر فٹ قرار دیا گیا تھا۔
برٹش ہارس ریسنگ اتھارٹی گھوڑے کی موت کی مکمل تحقیقات اور پوسٹ مارٹم کرے گی۔
یہ 2025 کے ہارس فیسٹیول کا دوسرا حادثہ تھا جس پر جانوروں کے حقوق کی تنظیموں نے سخت تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنے عمر رسیدہ گھوڑے کو اتنی سخت ریس میں شامل کرنا زیادتی ہے۔