آج کے ڈیجیٹل دور میں سکرین کا استعمال ایک ضرورت بن چکا ہے مگر آنکھوں کی صحت کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ اگر آپ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو آنکھوں کی صحت کو بچانے اور طویل المدتی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔
سکرین کے منفی اثرات سے بچاؤ کے لئے چند اہم تدابیر
پلکیں جھپکنا یاد رکھیں
مسلسل سکرین کو دیکھنے سے پلکیں جھپکنا کم ہو جاتا ہے جس سے آنکھیں خشک اور تھک جاتی ہیں۔ لہٰذا، سکرین کے استعمال کے دوران باقاعدگی سے پلکیں جھپکنے کی عادت ڈالیں تاکہ آنکھیں نمی سے بھرپور رہیں اور خشک ہونے سے بچ سکیں۔
سکرین کی روشنی اور کلر ٹمپریچر کو ایڈجسٹ کریں
سکرین کی روشنی کو متوازن رکھنا ضروری ہے خصوصاً نیلی روشنی کو کم کریں کیونکہ یہ بینائی پر زیادہ منفی اثر ڈالتی ہے۔ نیلی روشنی کو کم کرنے کے لئے کمپیوٹر اور موبائل میں کلر ٹمپریچر کم کرنے کی سہولت کا استعمال کریں۔
مناسب روشنی کا انتظام کریں
سکرین دیکھتے وقت ارد گرد کی روشنی کا خیال رکھیں۔ مکمل اندھیرے میں سکرین کا استعمال نہ کریں کیونکہ اس صورت میں سکرین کی روشنی براہ راست آنکھوں پر اثر انداز ہوتی ہے اور زیادہ دباؤ ڈالتی ہے۔
وقفہ لینا مت بھولیں
سکرین کے سامنے لمبے وقت تک مسلسل بیٹھنا آنکھوں کی صحت کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اس کے لئے 20-20-20 قاعدے پر عمل کریں: ہر 20 منٹ کے بعد 20 سیکنڈ کے لئے 20 فٹ دور کسی چیز کو دیکھیں۔ یہ طریقہ آنکھوں کو آرام دینے اور دباؤ کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
رات کے وقت سکرین کا محدود استعمال کریں
رات کے وقت موبائل یا کمپیوٹر کا زیادہ استعمال نہ کریں، خاص طور پر اگر ارد گرد اندھیرا ہو۔ اس سے نیند میں خلل اور آنکھوں کی تھکاوٹ بڑھ سکتی ہے۔