اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے کی ایف آئی آر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو ایم این ایز کے نام شامل کیے گئے ہیں۔
کراچی سے پی ٹی آئی کے دو ایم این ایز فہیم خان اور عطاء اللہ نیازی کو وفاقی دارالحکومت میں سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات میں دونوں ایم این ایز کو شامل کر لیا گیا ہے۔ سندھ ہاؤس پر حملے کی تمام فوٹیجز میں دونوں اراکین قومی اسمبلی واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
حملے میں ملوث پی ٹی آئی کے زیادہ تر کارکنان دونوں ایم این ایز کی گاڑیوں میں پہنچے تھے۔
پولیس نے واقعے کی ضمنی ایف آئی آرز میں پی ٹی آئی کے ان دونوں اراکین اسمبلی کے نام شامل کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | پاکستان نے ۱۱ بلین ڈالر کے نقصان سے بچنے کے لئے ڈیل کر لی
پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ ہاؤس پر حملے کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے اسلام آباد کی مقامی عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر مندوخیل نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں سندھ ہاؤس پر حملے کے الزام میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں قادر مندوخیل نے کہا کہ اس نے مقدمہ کے اندراج کے لیے سیکرٹریٹ تھانے سے رجوع کیا، لیکن حکام نے انکار کردیا۔