سندھ حکومت نے 28 مئی 2025 (منگل)کو یومِ تکبیر کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ پیر کے روز جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر کے تمام سرکاری دفاتر اور اسکولز اس دن بند رہیں گے۔ معمول کے مطابق دفاتر اور تعلیمی ادارے بدھ 29 مئی کو دوبارہ کھل جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے بھی 28 مئی کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ PSX کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے یومِ تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کے اعلان کے بعد اسٹاک مارکیٹ بھی بند رہے گی۔
یومِ تکبیر ہر سال28 مئی کو منایا جاتا ہے تاکہ 1998 میں پاکستان کی جانب سے چاغی، بلوچستان میں کیے گئے کامیاب ایٹمی تجربات کی یاد تازہ کی جا سکے۔ یہ تجربات بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔ اس دن پاکستان دنیا کا ساتواں ایٹمی طاقت والا اور پہلا مسلم ملک بن گیا تھا جس نے ایٹمی صلاحیت حاصل کی۔ اس وقت میاں محمد نواز شریف پاکستان کے وزیرِاعظم تھے جنہوں نے عالمی دباؤ کے باوجود قومی دفاع کے پیشِ نظر ایٹمی تجربات کی منظوری دی۔ یہ دن پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز، پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا