بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ روایتی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے بجائے یوٹیوب پر ریلیز کی جائے گی۔
یہ فلم جو کہ 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل تصور کی جا رہی ہے رواں سال 20 جون کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔
اب عامر خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ فلم کی OTT ریلیز کے لیے روایتی پلیٹ فارمز کو چھوڑ کر یوٹیوب موویز آن ڈیمانڈ کا انتخاب کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ فلم بھارت میں صرف 100 روپے (تقریباً 1.15 امریکی ڈالر) میں کرائے پر دستیاب ہوگی اور اسے 38 ممالک میں دیکھا جا سکے گا جن میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جرمنی اور سنگاپور شامل ہیں۔
عامر خان نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا:
"تقریباً 15 سال پہلے مجھے احساس ہوا کہ ہماری کامیاب ترین فلمیں جیسے کہ ’تھری ایڈیٹس‘ یا ’دنگل‘، صرف 2 سے 3 فیصد لوگ سنیما میں جا کر دیکھتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا:
"تو میرے ذہن میں یہ بات آئی کہ باقی 97-98 فیصد لوگوں تک کیسے پہنچا جائے؟ میں چاہتا ہوں کہ یہ سہولت ہر ہندوستانی کے لیے قابل رسائی ہو۔”
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ وہ ’پے پر ویو‘ ماڈل کو یوٹیوب پر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
ادھر شائقین کی جانب سے یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ ’ستارے زمین پر‘ دراصل 2024 کی ہالی ووڈ فلم ’چیمپئنز‘ کا ری میک ہے۔ اس فلم میں معروف اداکار ووڈی ہیریلسن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور دونوں فلموں کے پلاٹ اور کئی مناظر میں مماثلت پائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم ’’ایف1‘‘: ایک شاندار ریسنگ ڈرامہ