سابق بین الاقوامی کرکٹر عبدالرزاق کے حالیہ انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے خاتون کرکٹر نڈا ڈار کے بارے میں نامناسب باتیں کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ٹاک شو کے دوران سابق کرکٹر عبدالرزاق نے ندا ڈار کی جسامت اور ان کی شادی سے متعلق نامناسب الفاظ کہے۔ شو کے دوران جب نعمان اعجاز نے ندا ڈار سے پوچھا کہ اگر وہ کرکٹر نہ ہوتیں تو کیا کرتیں؟ جس پر ندا ڈار نے جواب دیا کہ وہ ایک پروفیشنل ایتھیلیٹ بن اکتی تھیں۔
کوہوسٹ کی جانب سے پوچھا گیا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے کتنی اسپورٹس اکیڈمیز ہیں تو ندا ڈار نے کہا کہ جن تعلیمی اداروں میں گراؤنڈز ہیں ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ لڑکیوں کو کرکٹ سکھائیں اور لڑکیاں ان کے پاس مختلف گاؤں سے کرکٹ کے لئے آتی ہیں۔
میزبان نے جوابا کہا کہ شادی کے بعد کرکٹ چھٹ جاتی ہے تو ندا ڈار نے کہا کہ ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ جتنا کرکٹ کھیل سکتی ہیں ابھی کھیل لیں کیونکہ شادی کے بعد کا کچھ علم نہیں کہ کیا ہو۔
ندا ڈار کی اس بات پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کرکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ ان لوگوں کی شادی نہیں ہوتی کیونکہ ان کی فیلڈ ایسی ہے کہ جب یہ لڑکیاں کرکٹرز بن جاتی ہیں تو وہ پھر چاہتی ہیں کہ وہ مردوں کی طرح ہی ہوں اوران کے لیول پرآئیں۔ ایسی لڑکیوں کے اندر شادی والی فیلنگز ختم ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ ان سے ہاتھ ملا کر دیکھ لیں یہ لڑکیاں لگتی ہی نہیں۔ جب ندا ڈار نے کہا کہ ہمارا پروفیشن ایسا ہے کہ ہمیں جم کرنا پڑتا ہے اور خود کو فٹ رکھنا ہوتا ہے تو ان کی بات کاٹتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ آپ ایسی لڑکیوں کے بالوں کا سٹائل ہی دیکھ لیں۔
یہ بھی پڑھیں | علی شاہ نے اپنے لباس کی شرائط کا جواب دیا
یاد رہے کہ یہ پروگرام گپچھلے مہینے نشر ہوا تھا لیکن یہ کلپ اب وائرل ہوا ہے جس کے بعد سابق کرکٹر عبدالرزاق پر تنقید کی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی بات کو نامناسب قرار دیا گیا ہے۔
ایک لڑکی نے لکھا کہ میں تصور بھی نہیں کرسکتی کہ ہماری خواتین کرکٹرز کو اس قسم کی باتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔