لاہور: منگل، یکم جولائی 2025 کو لاہور اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں درمیانے شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ اس کا مرکز پنجاب کے شہر کھاریاں کے قریب تھا۔ زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر تھی جس کے باعث اس کے جھٹکے بڑے پیمانے پر مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں ۔
زلزلے کے جھٹکے دوپہر سے کچھ دیر پہلے محسوس کیے گئےہیں جنہیں لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، کاموکے اور مریدکے سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں نے شدت سے محسوس کیا ہے ۔
🛑 زلزلے کے جھٹکے، لاہور سمیت پنجاب لرز اُٹھا!⚠️
— PakWeather.com (@Pak_Weather) July 1, 2025
پنجاب میں زمین ہل گئی! لاہور، قصور، ننکانہ، اوکاڑہ، شیخوپورہ، مریدکے، کامونکی اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.4 ریکارڈ، مرکز لاہور کے جنوب مغرب میں، گہرائی صرف 14 کلومیٹر۔ خوف کے مارے لوگ گھروں سے نکل آئے.. pic.twitter.com/q5EELvr6Ph
اگرچہ زلزلہ شدید نوعیت کا تھا تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے باعث کسی عمارت کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی ٹیمیں الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب ایک سینئر جیولوجسٹ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں میں آفٹر شاکس (زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکے) محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ عوام کو احتیاط برتنے اور ممکنہ طور پر متاثرہ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف کا شکار ہونے کے بجائے ہوشیار رہیں مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔یہ بھی پڑھیں : سوات میں ہولناک سیلابی ریلہ: 17 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ ریسکیو آپریشن جاری