خواتین جب عمر رسیدہ ہونے لگتی ہیں تو ہمارے معاشرے میں ان پر سخت تنقید کی جاتی ہے۔ یہاں لوگوں کا ذہنی رجحان یہ ہے کہ خواتین کی اصل قدر و قیمت صرف ان کی جوانی میں ہے۔ یہ سوچ خاص طور پر شوبز سے وابستہ خواتین پر بہت دباؤ ڈالتی ہے جس کی وجہ سے کئی اداکارائیں صرف جوان نظر آنے کے لیے انتہا پسندانہ اقدامات کرتی ہیں۔
حال ہی میں معروف اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر اسی کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے عمر رسیدہ ہونے کو "قدرتی اور خوبصورت حقیقت” قرار دیا ہے اور خواتین سے اپیل کی کہ وہ وزن کم کرنے یا جلد گوری کرنے کے لیے خطرناک دواؤں پر انحصار نہ کریں۔ زارا نے خبردار کیا ہے کہ یہ بہت نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو ظاہری خوبصورتی کے بجائے دماغی صلاحیتوں پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا: "ظاہری نمود و نمائش عارضی ہے، دماغ پر کام کریں — وہ دیرپا ہوتا ہے۔”
زارا واحد فنکارہ نہیں ہیں جو اس مسئلے پر بات کر رہی ہیں۔ ایک انٹرویو میں مہوش حیات نے بھی اس امتیازی رویے پر بات کی کہ کس طرح بڑی عمر کی اداکاراؤں کو مرکزی کرداروں کے لیے نظر انداز کر دیا جاتا ہے جبکہ اسی عمر کے مرد اداکار نوجوان اداکاراؤں کے ساتھ ہیرو کے طور پر نظر آتے ہیں۔ مہوش نے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو بھی ہالی ووڈ کی طرح عمر رسیدہ خواتین کو مثبت اور بااختیار کرداروں میں پیش کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق اصل تبدیلی اندر سے آتی ہے اور خواتین اداکاراؤں کو اپنی عمر کو قبول کرنا اور اس پر فخر کرنا سیکھنا ہوگا۔
اسی طرح ماہرہ خان نے "انڈیپنڈنٹ اردو” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی اپنی والدہ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بطور اداکارہ اپنی اصل عمر ظاہر نہ کریں۔ تاہم ماہرہ نے کہا ہے کہ ان کی عمر ان کی شخصیت کا حصہ ہے اور وہ خود کو چھپانے پر یقین نہیں رکھتیں چاہے لوگ کچھ بھی کہیں۔
اداکارہ ماہنور بلوچ نے بھی ڈرامہ اسکرپٹس میں ہونے والے امتیازی سلوک کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا ہے اگر کوئی مرد اداکار 55 سال کا ہو تب بھی وہ ہیرو کا کردار ادا کرے گا لیکن اسی عمر کی عورت کو اس کی ماں کا کردار دے دیا جاتا ہے۔
یہ تمام آوازیں اس بات کی نشاندہی کر رہی ہیں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم خواتین کی عمر کے ساتھ جڑے تعصبات کو ختم کریں اور ان کی اصل پہچان کو تسلیم کریں جو صرف چہرے کی خوبصورتی نہیں بلکہ ذہانت، خود اعتمادی اور اصل شخصیت پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سلمان خان کی صحت سے متعلق حیران کن انکشافات