قطر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کیا ہے — اب آپ صرف 7 لاکھ 30 ہزار قطری ریال (تقریباً 2 لاکھ ڈالر) کی پراپرٹی خرید کر قطری رہائشی پرمٹ (Residency Permit) حاصل کرسکتے ہیں۔ نئی اسکیم کے تحت خریداروں کو چند دنوں کے اندر ملکیت کے کاغذات (Title Deed) اور رہائشی اجازت نامہ ایک ساتھ جاری کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنا اور قطر کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ اعلان انجینئر خالد بن احمد العبیدلی، چیئرمین ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی (RERA) نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ نیا نظام باضابطہ طور پر تیسرے رئیل اسٹیٹ فورم کے دوران متعارف کرایا جائے گا، جو وزارتِ داخلہ، انصاف، اور انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کے تعاون سے منعقد ہوگا۔
العبیدلی کے مطابق حکومت کی تمام متعلقہ ایجنسیاں ایک متحد نظام کے تحت کام کر رہی ہیں تاکہ پراپرٹی کی خرید و فروخت کا عمل تیز، آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔ ان کے بقول، "اب تمام ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں تاکہ قطر میں سرمایہ کاری اور جائیداد کی ملکیت کا عمل زیادہ سہل بنایا جا سکے۔” نئے نظام کے تحت خریداروں کو ملکیت کے کاغذات اور رہائشی پرمٹ ایک ساتھ جاری کیے جائیں گے۔
قطر کی پراپرٹی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ 2025 کی دوسری سہ ماہی میں جائیدادوں کی خرید و فروخت کا حجم 8.9 بلین قطری ریال تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد زیادہ ہے۔ اس اضافے کی بڑی وجہ رہائشی جائیدادوں کی ڈیلز میں 114 فیصد اضافہ ہے جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔
نئے قواعد کے مطابق جو غیر ملکی کم از کم 7 لاکھ 30 ہزار ریال کی پراپرٹی خریدیں گے وہ رئیل اسٹیٹ رہائش کے اہل ہوں گے۔ جبکہ 36 لاکھ 50 ہزار ریال (1 ملین ڈالر) یا اس سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے والوں کو مستقل رہائش (Permanent Residency) ملے گی۔ مستقل رہائشیوں کو صحت، تعلیم اور سرمایہ کاری کے خصوصی مواقع بھی حاصل ہوں گے۔
RERA کے مطابق اب قطری شہری اور غیر ملکی دونوں ملک کے مختلف حصوں میں پراپرٹی خرید سکتے ہیں، جن میں اپارٹمنٹس، دکانیں، دفاتر اور مکسڈ یوز کمپلیکسز شامل ہیں۔ تمام مراحل ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے، جس سے وقت اور کاغذی کارروائی دونوں میں کمی آئے گی۔قطر فی الحال دنیا میں نمبر ون ہے پراپرٹی رجسٹریشن کے آسان ترین نظام میں۔ صرف 24 گھنٹوں میں ملکیت کے دستاویزات اور نقشے جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ قطر میں پراپرٹی رجسٹریشن فیس بھی خطے کی سب سے کم ہے — صرف 0.01 فیصد تعمیراتی لاگت کے برابر۔ مکمل الیکٹرانک بلڈنگ پرمٹ سسٹم نے جائیدادوں کی خرید و فروخت کے عمل کو پہلے سے کہیں زیادہ تیز اور شفاف بنا دیا ہے۔
قطر کی نئی پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو نہ صرف رہائش حاصل کرنے کا تیز اور آسان راستہ فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں خلیجی خطے کی سب سے مستحکم اور ترقی یافتہ معیشت میں سرمایہ کاری کا موقع بھی دیتی ہے۔ یہ اقدام اُن افراد کے لیے خاص طور پر پرکشش ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ رہائش کے فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔