ریویلیشنز (2025) ایک ساؤتھ کورین نفسیاتی تھرلر فلم ہے جو ایمان، اخلاقیات اور انصاف جیسے گہرے موضوعات کو پیش کرتی ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر یون سانگ ہو ہیں جو اپنی بلاک بسٹر فلم ٹرین ٹو بوسان کی وجہ سے مشہور ہیں، جو اب تک کی سب سے مقبول زومبی فلموں میں سے ایک ہے۔
یہ فلم دو مرکزی کرداروں کے گرد گھومتی ہے ۔ پاسٹر من چان(ریو جن یول) جو ایک مذہبی شخصیت ہیں اور مجرموں کو سزا دینا اپنا خدائی مشن سمجھ لیتے ہیں اور ڈیٹیکٹو یون ہی (شن ہیون بن) جو ایک لاپتہ لڑکی کے کیس کی تفتیش کرتے ہوئے صدمےاور مرنے والی بہن کی یادوں سے نبرد آزما ہیں۔
دونوں کردار اپنے اپنے طریقے سے انصاف کے لیے جدوجہد کرتے ہیں لیکن ان کی راہیں ایک ایسے اندھیرے سفر میں ٹکرا جاتی ہیں جہاں ایمان، ماضی کے صدمات اور بدلے کی خواہش کے درمیان حدیں دھندلی ہو جاتی ہیں۔
ریویلیشنز کی کاسٹ
کردار | اداکار | کردار کی تفصیل |
---|---|---|
پاسٹر سنگ من چان | ریو جن یول | ایک مذہبی رہنما جو مجرموں کو سزا دینا اپنا مشن سمجھتے ہیں۔ |
ڈیٹیکٹو لی یون ہی | شن ہیون بن | ایک پولیس افسر جو اپنی بہن کی موت کے صدمے سے دوچار ہے۔ |
کوان یانگ رائے | شن من جے | ایک سابقہ مجرم جو گمشدہ لڑکی کے کیس میں اہم ملزم ہے۔ |
شن آ ینگ | کم بو من | ایک کم عمر لڑکی جو کیس کا مرکز ہے۔ |
لی نیک سون | کم دو ینگ | ایک ماہرِ نفسیات جس کا ماضی اس کیس سے جُڑا ہوا ہے۔ |
ریویلیشنز کی پروڈکشن اور فلم بندی
یون سانگ ہونے اپنی مشہور فلموں ٹرین ٹو بوسان (2016) اور ہیل باؤنڈ (2021) کے بعد اس بار حقیقت پر مبنی نفسیاتی موضوعات پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
یون سانگ ہو نے کہا:
"اس بار میں نے زیادہ سے زیادہ فینٹسی سے بچنے کی کوشش کی۔ میں روزمرہ زندگی میں پائے جانے والے وہم، دھوکہ دہی اور صدمات کو ایکسپلور کرنا چاہتا تھا۔”
الفانسو کوارون، جوروما (2018) اور گریوٹی(2013) جیسی مشہور فلموں کے ڈائریکٹر ہیں، اس پروجیکٹ میں پروڈیوسر کے طور پر شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ:
"میں یون سانگ ہو کے کام کا مداح ہوں جب سے میں نے ان کی فلم کنگ آف پِگز کو کینز فلم فیسٹیول میں دیکھا تھا۔ جب میں نے ٹرین ٹو بوسان دیکھی تو میں حیران رہ گیا اور تب ہی میں نے فیصلہ کیا کہ ایک دن میں ان کے ساتھ کام کروں گا۔”
یہ فلم جنوبی کوریا کے مختلف مقامات پر شوٹ کی گئی ہے جہاں تاریک اور خوفناک ماحول کو نمایاں کیا گیا ہے تاکہ کہانی کی نفسیاتی کشمکش کو دکھایا جا سکے۔ فلم کی شوٹنگ اپریل 2024 میں شروع ہو کر جون 2024 میں مکمل ہوئی۔
ریویلیشنز کی کہانی
کہانی کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب پاسٹر من چان کا بیٹا اسکول سے گھر نہیں آتا۔ گھبراہٹ میں، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ کام یانگ رائےکا ہےجو ایک سابقہ مجرم ہے اور چرچ کے آس پاس دیکھا گیا تھا۔ غصے میں آکر من چان اس کا پیچھا کرتے ہیں اور اسے ایک چٹان سے نیچے دھکیل دیتے ہیں، یہ سوچ کر کہ وہ مر چکا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ یہ کام کرتے ہیں انہیں فون آتا ہے کہ ان کا بیٹا محفوظ ہے۔
یہ جان کر من چان کو دھچکا لگتا ہے اور وہ خود کو مجرم محسوس کرتے ہیں۔ لیکن جلد ہی انہیں ایک بڑے چرچ میں اعلیٰ عہدے کی پیشکش کی جاتی ہے اور وہ اسے ایک خدائی اشارہ سمجھنے لگتے ہیں۔ وہ یہ ماننے لگتے ہیں کہ خدا ان کے کیے پر خوش ہے اور انہیں انعام دے رہا ہے۔
دوسری طرف، ڈیٹیکٹو یون ہیایک گمشدہ لڑکی شن آ ینگ کی تلاش میں ہیں اور یانگ رائے کو بھی ڈھونڈ رہی ہیں۔ ان کی ذاتی دلچسپی اس لیے بھی ہے کیونکہ ان کی بہن نے سالوں پہلے یانگ رائے کے ہاتھوں زیادتی کے بعد اپنی جان لے لی تھی۔
جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھتی ہے یون ہی کو شک ہونے لگتا ہے کہ پاسٹر من چان کا اس کیس سے کوئی نہ کوئی تعلق ہو سکتا ہے۔
کہانی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب من چان کو پتہ چلتا ہے کہ یانگ رائے زندہ ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔ وہ اسے دوبارہ اغوا کر کے ایک خالی تعمیراتی جگہ پر لے جاتے ہیں۔ یون ہی بھی وقت پر وہاں پہنچ جاتی ہیں، لیکن حالات قابو سے باہر ہو جاتے ہیں۔ افراتفری میں، یانگ رائے نیچے گر کر مر جاتا ہے، لیکن مرنے سے پہلے وہ ایک اشارہ دیتا ہے:
ایک آنکھ والا مونسٹر نے اسے کھا لیا۔”
حقیقت جاننے کے لیے، یون ہی ایک ماہرِ نفسیات لی نیک سون کی مدد لیتی ہیں، جو ایک بار یانگ رائے کا عدالت میں دفاع کر چکے تھے۔ نیک سون انہیں بتاتے ہیں کہ یانگ رائے کا بچپن بدترین تشدد میں گزرا تھا اور "ایک آنکھ والا مونسٹر” دراصل ایک کھڑکی تھی جو اس کے والد کے تشدد کے دوران اٹاری میں تھی۔
اس نئے انکشاف کے بعد، یون ہی مزید شواہد کی مدد سے آخر کار آ ینگ کو ایک ایسی جگہ سے تلاش کر لیتی ہیں جو بالکل یانگ رائے کے پرانے اٹاری جیسی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم "جیلر 2” کی شوٹنگ کا آغاز
ریویلیشنز (2025) کہاں دیکھیں؟
ریویلیشنز کو آپ نیٹ فلکس پر دیکھ سکتے ہیں۔ یہ فلم 21 مارچ 2025 کو ریلیز ہوئی تھی اور دنیا بھر میں اسٹریمنگ کے لیے دستیاب ہے۔