پاکستان –
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان کے لیے 6 بلین ڈالر کے قرضے کے پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے میں مسلسل تاخیر کے باعث، جمعرات کو مسلسل چوتھے روز روپے کی قدر میں کمی آئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر دو ہفتے کی کم ترین سطح 174.19 روپے تک گر گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق، روپیہ دو ہفتے قبل 26 اکتوبر کو 175.27 روپے کی اب تک کی کم ترین سطح سے صرف 1.08 روپے دور ہے۔
جمعرات کو 0.72% (یا 1.26 روپے) کی تازہ کمی کے ساتھ، 3 نومبر کو ریکارڈ کیے گئے 169.97 روپیہ کی پانچ ہفتوں کی بلند ترین سطح کے مقابلے میں ل روپیہ مجموعی طور پر 2.48% (یا 4.22 روپے) گر گیا ہے۔
تاہم روپے کی قدر میں کمی نے سونے کی قیمتوں میں لگاتار چھٹے دن بھی اضافہ کیا ہے۔ سونا 3,300 روپے بڑھ کر دو ہفتے کی بلند ترین سطح 129,100 روپے فی تولہ (11.66 گرام) پر پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں | مینار پاکستان واقعہ: کیا واقعی عائشہ اکرم اور ریمبو بھاری رقم بٹور چکے ہیں؟
سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ فہد رؤف نے نجی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں طویل تاخیر روپے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاخیر نے سوالات اٹھائے ہیں کہ آیا آئی ایم ایف پروگرام دوبارہ شروع کرے گا یا پاکستان اسے چھوڑنے کا انتخاب کرے گا "غیر یقینی صورتحال نے روپے میں اتار چڑھاؤ کو جنم دیا ہے۔
رپورٹس بتاتی ہیں کہ پاکستان نے بجلی کے نرخوں میں اضافے سمیت آئی ایم ایف کی تقریباً تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ تاہم، دونوں فریقین اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی شرط پر ابھی تک کسی معاہدے پر نہیں پہنچ پائے ہیں۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو مطلع کیا ہے کہ اس کے پاس سٹیٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کی کمی ہے۔ توقع ہے کہ آئی ایم ایف حکومت کے موقف پر غور کرے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ آئی ایم ایف پروگرام دوبارہ شروع کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
اس سے قبل 26 اکتوبر کو، روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 175.27 روپے تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے 4.2 بلین ڈالر کے امدادی پیکج کے اعلان کے بعد 3 نومبر تک روپیہ 169.97 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
دوسری طرف، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے بارے میں توقعات نے بھی مدد فراہم کی تھی۔