متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے روس اور یوکرین کے درمیان 350 جنگی قیدیوں کے تبادلے میں کامیاب ثالثی کا کردار ادا کیا ہے جس میں 175 یوکرینی اور 175 روسی قیدی شامل ہیں۔ اس کامیاب تبادلے کے بعد، یو اے ای کی ثالثی کے ذریعے مجموعی طور پر 3,233 قیدیوں کا تبادلہ مکمل ہو چکا ہے۔
یو اے ای کی وزارتِ خارجہ نے دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے اس ثالثی کی کوششوں میں تعاون اور مثبت رویہ اپنایا۔ یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یو اے ای کو ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور وہ عالمی امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ یو اے ای یوکرین تنازع کے پرامن حل کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور انسانی بحران، خاص طور پر پناہ گزینوں اور قیدیوں سے متعلق مسائل کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرتا رہے گا۔
یہ کامیاب تبادلہ یو اے ای کی مستقل کوششوں کا نتیجہ ہے جو اس نے 2024 کے آغاز سے اب تک روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں کی ہیں۔
اس سے قبل، 5 فروری 2025 کو بھی 300 قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا، جس میں 150 یوکرینی اور 150 روسی قیدی شامل تھے۔
یو اے ای کی یہ ثالثی کی کوششیں عالمی سطح پر سراہا جا رہی ہیں اور انہیں امن کے قیام میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔