ترکیہ کے صدر، رجب طیب اردوان، بدھ کے روز دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔
صدر اردوان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا۔ جیسے ہی ان کا خصوصی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا، پاکستان ایئر فورس کے جیٹ طیاروں نے اسے حفاظتی پروٹوکول کے تحت اپنے حصار میں لے لیا۔
اسلام آباد ایئر بیس پر صدر اردوان اور ان کی اہلیہ کا استقبال دو معصوم بچوں نے کیا، جو روایتی لباس میں ملبوس تھے اور انہوں نے ترک صدر اور خاتون اول کو گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر ایک شاندار تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں فوجی بینڈ نے دھنیں پیش کیں، جبکہ بچوں نے پاکستان اور ترکیہ کے جھنڈے لہرا کر خیرمقدمی جذبات کا اظہار کیا۔
ترک صدر کے قافلے کے لیے ایئر بیس سے منزل تک جانے والے راستے کو پاکستانی اور ترک پرچموں، خیرمقدمی بینرز اور دلکش سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا تھا، جو دونوں ممالک کے مضبوط سفارتی تعلقات اور پاکستان کی مہمان نوازی کی بہترین عکاسی کر رہا تھا۔