دوست محمد مزاری جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
جوڈیشل مجسٹریٹ نے مبینہ اراضی سکینڈل میں سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کو جمعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کی، جس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے حکام نے سابق ڈپٹی سپیکر کو ان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ سابق ڈپٹی سپیکر سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ دستاویزات کے فرانزک آڈٹ اور تفتیش مکمل کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں | ٹھیک ہوتے ہی لانگ مارچ کا دوبارہ اعلان کروں گا، عمران خان
یہ بھی پڑھیں | عمران خان پر قاتلانہ حملہ، عالمی میڈیا کی مذمت
جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد
تاہم، دوست محمد مزاری کے وکیل نے ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ چوتھی بار ہے کہ استغاثہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کر رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حکام ان کے مؤکل سے کیا وصول کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دوست محمد مزاری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔