دبئی اجلاس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اختلافات دور کرنے میں ناکام
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دبئی اجلاس میں زیادہ تر معاملات کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے آج پھر ملاقات کا امکان ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنے درمیان مسائل بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو الیکشن اور دیگر سیاسی امور پر بات چیت کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔
مسلم لیگ ن کی قیادت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر بات نہیں ہوئی
پیپلز پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر بات نہیں ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے چارٹر آف اکانومی پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں نگراں سیٹ اپ اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق پی پی پی رہنماؤں نے عام انتخابات پر پارٹی کا موقف بھی واضح کیا اور کہا کہ وہ اکتوبر یا نومبر میں الیکشن چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں | جہانگیر ترین استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم کے امیدوار
پی ڈی ایم حکومت میں اتحادی شراکت داروں نے اسمبلیوں کی قبل از تاریخ تحلیل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اگست میں اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد اگلے عام انتخابات کے ٹائم ٹیبل کے حوالے سے دونوں فریقین میں اختلاف رہا ہے۔
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں سے مزید بات چیت کے لیے دبئی میں قیام پذیر ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مزید رہنمائوں کی مذاکرات میں شرکت کے لیے دبئی پہنچنے کا امکان ہے۔