ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے خیبر پختونخواہ میں دیہی سڑکوں کی بحالی کے لیے 320 ملین ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں محفوظ اور موسمی حالات کے تحت مستقل رابطہ فراہم کرنا ہے۔
یہ منصوبہ تقریباً 900 کلومیٹر سڑکوں کی اپ گریڈیشن پر مشتمل ہوگا جو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو تعلیم، صحت اور منڈیوں سے جوڑنے میں مدد دے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینٹرل اور ویسٹ ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل ییوگینی ژوکوو نے اس اہم منصوبے کو پاکستان کے لوگوں کے لیے ایک لائف لائن قرار دیا ہے جو سفری وقت کو کم کرے گا، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی لائے گا اور خیبر پختونخواہ کے لاکھوں باشندوں کے لیے اقتصادی مواقع تک رسائی میں اضافہ کرے گا۔
اس کے علاوہ، یہ منصوبہ دیہی سڑکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے فنی اور مالی مدد بھی فراہم کرے گا اور سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کے لیے پائیدار سڑکوں کا نیٹ ورک بنائے گا۔
یہ قرضہ خیبر پختونخواہ کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔