خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں حکمراں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد نشستوں پر ہارنے کے ایک دن بعد، وزیراعظم عمران خان نے منگل کو کہا کہ ان کی پارٹی نے "غلطیاں” کیں اور غلط امیدواروں کا انتخاب کیا۔
اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ غلطیاں نہ دہرائی جائیں، وزیراعظم نے بتایا کہ وہ اگلے ماہ ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پارٹی حکمت عملی کی "ذاتی طور پر نگرانی” کریں گے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور اس کی قیمت چکانی پڑی۔ غلط امیدواروں کا انتخاب ناکامی کا سبب تھا۔ اب سے میں ذاتی طور پر پی ٹی آئی کے بلدیاتی انتخابات الیکشن کی حکمت عملی کی نگرانی کروں گا تا کہ الیکشن کے دوسرے مرحلے اور پورے پاکستان میں تحریک انصاف کامیاب ہو۔
یہ بھی پڑھیں | نیشنل کمانڈ سینٹر نے کیٹگری “سی” والے ممالک سے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت دے دی
دریں اثناء وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہوجائیں۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا کہ اگر اس وقت پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کے ہاتھ لگ جائے گا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی کو کمر توڑ مہنگائی، قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور گورننس کی خرابی پر عوام کے غصے کا اظہار قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا ہے۔ یہ ایک تجربے کے خاتمے کا آغاز ہے جس کی قیمت قوم کو مہنگی پڑی ہے۔
وزیر اعظم عمران اور فواد چوہدری کے تبصرے کے پی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی مایوس کن کارکردگی کے بعد سامنے آئے ہیں جس میں اپوزیشن اور خاص طور پر حریف جماعت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ایف) نے میدان مار لیا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو ہونے والے خیبر پختونخواہ کی 39 تحصیلوں کے انتخابات میں جے یو آئی-ایف سب سے زیادہ میئر/چیئرمین کی نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پیر کو اعلان کردہ 63 میں سے 39 تحصیلوں کے عبوری نتائج کے مطابق جے یو آئی-ایف نے نہ صرف میئر/چیئرمین کی 15 نشستیں حاصل کیں بلکہ دیگر کئی تحصیلوں میں بھی سخت مقابلہ کیا جہاں اس کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔
صوبائی دارالحکومت میں، جے یو آئی-ایف نے پی ٹی آئی کو ہرا کر پشاور شہر کے میئر کے مقابلے میں برتری حاصل ہے۔ جے یو آئی ف کے امیدوار حاجی زبیر علی نے 62 ہزار 388 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے 50 ہزار 659 ووٹ حاصل کیے۔