حکومت ایف بی آر چئیرمین کی تلاش میں سرگرم
ایف بی آر کے چیئرمین عاصم احمد کے ریٹائر ہونے کے بعد حکومت اس بات پر غور کر رہی ہے کہ آیا ایف بی آر کا نیا چیئرمین باہر سے لگایا جائے یا ٹیکس مشینری کے فولڈ میں سے کسی کو منتخب کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو بھیجی گئی ایک سرکاری سمری کے مطابق اس اعلیٰ عہدے کے لیے تین ناموں پر غور کیا جائے گا، جن میں راشد محمود لنگڑیال، جن کا تعلق پی اے ایس گروپ سے ہے، امجد زبیر ٹوانہ، جو اس وقت ایف بی آر کے ممبر آئی آر ایس آپریشن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور سید ندیم رضوی، ممبر ایڈمنسٹریشن۔
وزیر اعظم کو بھیجے گئے ناموں میں سید ندیم رضوی سب سے سینئر ہیں۔ اس سے قبل فیض احمد چدھڑ کو بھی اس اعلیٰ عہدے کے لیے مضبوط دعویدار سمجھا جاتا تھا۔ تاہم حکومت نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ایف بی آر کے باہر سے کسی کو تعینات کیا جائے یا ٹیکس مشینری کے اندر سے کسی کو منتخب کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں | اسلامیہ یونیورسٹی ویڈیوز سکینڈل: ایچ ای سی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی
پی ڈی ایم حکومت اگلے چند دنوں میں اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے اس اہم تقرری کو ترجیح دے گی۔ ریٹائر ہونے والے چیئرمین عاصم احمد اپنی مدت ملازمت پوری کر چکے ہیں اور ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ کر ریٹائر ہو گئے ہیں۔