پی ڈی ایم اور تحریک انصاف ایک میز پر بیٹھ گئے
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی زیر قیادت حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بالآخر سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد انتخابات کی تاریخ پر بات چیت کے لیے مذاکرات کی میز پر اکٹھے بیٹھ گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کے پہلے دور میں پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 3 میں، دونوں فریقین نے ایک دوسرے کو اپنی اعلیٰ قیادت کے موقف سے آگاہ کیا۔ دوسرا اجلاس کل ہو گا۔
حکومتی اور اپوزیشن وفد میں کون کون شامل ہے؟
حکومتی وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر تجارت نوید قمر شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں | فلم ‘منی بیک گرنٹی’ کیسی ہے؟
اپوزیشن کے وفد میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری اور پارٹی کے اعلیٰ قانونی ماہر بیرسٹر علی ظفر شامل تھے۔
وفد نے حکومت کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے انتخابات کے بارے میں موقف اور انتخابات کے انعقاد کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکمران جماعتیں آپس میں مشاورت کرکے فیصلہ کریں گی۔ جو بھی فیصلہ ہو گا، وہ تمام فریقین کے ان پٹ پر مبنی ہو گا۔
یاد رہے کہ عدالت نے سیاسی جماعتوں کو 26 اپریل تک انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم ڈیڈ لائن تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ گزشتہ روس کی سماعت میں سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ فریقین کو زبردستی مذاکرات کرنے کے لیے نہیں کہہ سکتا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالت فریقین کو بات چیت پر مجبور نہیں کر سکتی۔ عدالت صرف آئین پر عمل درآمد چاہتی ہے تاکہ تنازعہ حل ہو۔