پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ ان کی پارٹی 25 مئی کو وفاقی دارالحکومت کی طرف "امپورٹڈ حکومت” کے خلاف اپنا حقیقی آزادی لانگ مارچ شروع کرے گی۔
پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کا بنیادی مطالبہ اسمبلیوں کی فوری تحلیل اور اگلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج "نیوٹرل” رہنے کے اپنے قول پر قائم ہے۔
حکومتی زرائع کے مطابق پی ڈی ایم کی حکومت اس وقت اسلام آباد میں فوج کو تعینات پر غور کر رہی ہے۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی پارٹی یا جتھے کو اسلام آباد یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اس اعلان کو واپس لیں ورنہ مجبورا کاروائی کرنی پڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں | سری لنکا دیوالیہ کیوں ہوا؟ جانئے 5 اہم چیزیں جن سے پاکستان کو بچنا چاہیے
مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان اوپر جانے لگتا ہے تو کوئی جتھہ یا جماعت اسلام آباد پر حملہ آور ہو جاتا ہے۔ اب کی بار ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ عمران خان نے حکام کو لانگ مارچ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی قانونی کارروائی کرے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کے خلاف غیر ملکی سازش کی جارہی ہے۔