وفاقی کابینہ نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ فوجی عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اعزاز انہیں حالیہ پاک بھارت کشیدگی "معرکہ حق” اور کامیاب فوجی آپریشن "بنیان مرصوص” کے دوران ان کی غیر معمولی قیادت پر دیا گیا ہے۔ جنرل عاصم منیر، جنرل ایوب خان کے بعد پاکستان کی تاریخ میں فیلڈ مارشل کا عہدہ حاصل کرنے والے دوسرے افسر بن گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس (PMO) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاکستان آرمی کو جرات، استقامت اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ لیڈ کیا۔ کابینہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ بحران کے دوران جنرل عاصم منیر نے تمام مسلح افواج کی جنگی حکمت عملی کو مؤثر اور متحد انداز میں مربوط کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس کی صدارت کی اور اس فیصلے سے قبل صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے مشاورت بھی کی۔ جنرل عاصم منیر کی ترقی کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں آپریشن میں کلیدی کردار ادا کرنے والے افسران، جوانوں، جنگی ہیروز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔
جنرل عاصم منیر نے حکومت اور قوم کی جانب سے اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور اس اعزاز کو پاکستان کی عوام، مسلح افواج، خصوصاً شہداء اور جانبازوں کے نام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز انفرادی نہیں بلکہ پاکستان کی افواج اور پوری قوم کے لیے ایک اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 10 کا دوبارہ آغاز، پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا