جناح ہاؤس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں توسیع
پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت تین مقدمات میں پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی کے جج اعجاز احمد بٹر نے سابق وزیر خارجہ کی جانب سے ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی بھی حاضری کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔
فاضل جج نے سرور روڈ، گلبرگ اور ریسکورس تھانوں میں درج تین مقدمات میں ان کی ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کا انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ جلد سامنے آجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں | فوجی ٹرائل کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرنے والا بنچ دوبارہ تحلیل
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے اصل بجٹ اور بعد میں منظور ہونے والی دستاویز میں کافی فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات ختم کرنے کی بجائے اقتدار میں آنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف کے مطالبات کے سامنے جھکنا پڑا۔ سابق وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ صرف اقتدار میں آنے کے لیے دبئی میں ملاقاتیں کر رہے ہیں، مریم نواز اور بلاول بھٹو وزارت عظمیٰ کے امیدوار تھے۔