جسٹس علی باقر نجفی نے بدھ 16 اپریل 2025 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اُن سے حلف لیا ہے۔
تقریب میں سپریم کورٹ کے دیگر ججز، اٹارنی جنرل، سینئر وکلاء اور دیگر قانونی شخصیات نے شرکت کی ہے۔
جسٹس علی باقر نجفی کی تقرری کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (JCP) نے اکثریتی رائے سے منظور کیا تھا جس کے بعد صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے وزارتِ قانون و انصاف کے ذریعے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ان کی تقرری کی باقاعدہ منظوری دی۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے:
"آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 177 کی شق (1) اور آرٹیکل 175-A کی شق (8) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے، صدرِ پاکستان کو یہ خوشی حاصل ہے کہ وہ جسٹس علی باقر نجفی جج لاہور ہائی کورٹ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج مقرر کریں جو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کی تاریخ سے مؤثر ہوگا۔”
سپریم کورٹ میں تقرری سے قبل جسٹس علی باقر نجفی لاہور ہائی کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ 2014 کے ماڈل ٹاؤن سانحے کی عدالتی انکوائری کی نگرانی کرنے کی وجہ سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔
ان کی اس تقرری کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کی کل تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے۔