پنجاب کے محکمہ سیاحت نے تھل ڈیزرٹ ریلی 2025 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے جو 6 سے 9 نومبر تک لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے صحرا میں منعقد ہوگی۔ یہ ایونٹ جنوبی پنجاب کے ریگستانی علاقوں کو موٹر اسپورٹس، موسیقی اور ثقافت کے حسین امتزاج میں بدل دے گا۔
یہ اعلان لاہور میوزیم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا جہاں سیکرٹری ٹورازم، آثار قدیمہ و میوزیمز پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ یہ ریلی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں "میگنیفیسنٹ پنجاب” کے سیاحتی وژن کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک گاڑیوں کی دوڑ نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کی ثقافت، فن اور روایات کو اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔
ڈاکٹر بھٹہ کے مطابق تھل ڈیزرٹ ریلی نہ صرف سیاحت کو فروغ دیتی ہے بلکہ مقامی برادریوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔ پنجاب پولیس، رینجرز، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت ایونٹ کے دوران سیکیورٹی اور ہنگامی سہولیات فراہم کریں گے۔
ٹی ڈی سی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم رضا نے بتایا کہ اس سال تقریباً 100 ڈرائیورز حصہ لیں گے جن میں میر نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان محمد علی، زین محمود اور کھاکوانی برادران جیسے مشہور نام شامل ہیں۔ خواتین ڈرائیورز کی شرکت سے یہ ایونٹ مزید دلچسپ اور متنوع بن جائے گا۔
ریلی کے ساتھ ساتھ صوفیانہ موسیقی کی محفلیں، اونٹ اور گھڑ سواری کے شو، ٹینٹ پیگنگ مقابلے، ہنر مند بازار اور ثقافتی پروگرام بھی ہوں گے، جو جنوبی پنجاب کی روایتی خوبصورتی کو اجاگر کریں گے۔
تھل ڈیزرٹ ریلی 2025 ایک شاندار ثقافتی اور تفریحی تقریب بننے جا رہی ہے جو پنجاب کی مہمان نوازی، روایات اور سیاحتی امکانات کو نئی پہچان دے گی۔






