اسلام آباد –
وزیراعظم عمران خان نے آج (ہفتہ) سہ پہر 3 بجے علمائے کرام سے ملاقات کی ہے جس میں حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے میں ان کی مدد طلب کی گئی ہے۔
سنی بریلوی مسلک سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں کے گروپ کی سربراہی سنی اتحاد کونسل کے چیئرپرسن صاحبزادہ حامد رضا نے کی۔ یہ وفد تحریک لبیک کے ساتھ مذاکرات کے لیے درمیانی راستہ تلاش کرنے میں حکومت کی مدد کرے گا۔
اجلاس بنی گالہ میں منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد علماء کا گروپ ٹی ایل پی کے سعد رضوی سے بھی ملاقات کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں | مینار پاکستان واقعہ: کیا واقعی عائشہ اکرم اور ریمبو بھاری رقم بٹور چکے ہیں؟
وفد کے ذرائع کے مطابق علمائے کرام جماعت کے ساتھ مذاکرات کا ایک اور موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتے۔
جمعہ کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے بھی اہل سنت وجماعت کے وفد سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات طے کرنے میں ریاست کی مدد کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے قوم سے اپنا خطاب ملتوی کر دیا ہے جو ابتدائی طور پر ہفتہ کو ہونا تھا۔ وزیر اعظم ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر حکومتی بیانیے کے حوالے سے عوام کو بریفنگ دینے والے تھے۔
تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ
تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے۔ تحریک لبیک زرائع کے مطابق ان کی شوری کے حکومتی عہدیداران سے مذاکرات ہوئے ہیں جبکہ حکومتی عہدیداران تحریک لبیک کے مطالبات کو آج رات پھر وزیر اعظم کے سامنے پیش کریں گے۔ زرائع کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے اس لانگ مارچ میں کم از کم دس سے بیس ہزار افراد موجود ہیں جبکہ یہ تعداد اسلام آباد کی جانب بڑھنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی ہے جس پر حکومت کو تشویش ہے۔
گوجرانوالہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل پاکستان ریلوے نے اعلان کیا تھا کہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی دو ٹرینیں تیزگام ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس کو اندرون اور باہر جانے والے دونوں راستوں پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی گرین لائن ٹرینوں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء راولپنڈی میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے شہر کے داخلی راستے کو ٹینکرز، ٹرکوں اور کنٹینرز سے سیل کر دیا ہے۔